Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

پارٹی فنڈنگ کیس: تحریک انصاف کو جھٹکا، چاروں درخواستیں مسترد

شائع 10 اکتوبر 2019 01:12pm

الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس سے متعلق اکبر ایس بابر کے خلاف تحریک انصاف کی چاروں درخواستیں مسترد کردیں ، کمیشن نے تحریک انصاف کو 14 اکتوبرکو اسکروٹنی کمیٹی میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کی ۔

اکبر ایس بابرنے تحریکِ انصاف کے اعتراضات اوردرخواستیں کو تاخیری حربے قراردیتے ہوئے کہاکہ عمران خان احتساب سے بھاگ رہے ہیں ،یہ نالائق ٹیم ملک نہیں چلا سکتی۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کیجانب سے سکروٹنی کمیٹی کو لکھی گئی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے فیصلہ سنادیا ، الیکشن کمیشن نے سکرونٹی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے تحریک انصاف کو کمیٹی کے سامنے 14اکتوبرکوپیش ہونے کی ہدایت کردی۔

تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک کرنے پر اکبر ایس بابر کے خلاف چار درخواستیں دی تھیں۔ اکبرایس بابر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اپنے احتساب سے بھاگ رہے ہیں اور عدالتوں کا سہارہ لے رہے ہیں ، تحریک انصاف ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی ، یہ نالائق ٹیم ملک نہیں چلا سکتی۔  اپوزیشن کے آزادی مارچ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اکبر ایس بابر  نے کہا کہ ملک میں نئے الیکشن کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔