Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
27 Jumada Al-Akhirah 1446  

کمپیوٹر سے موبائل فون کالز کرنے کا طریقہ

شائع 10 اکتوبر 2019 06:07am
سائنس

مائیکرو سافٹ نے آخرکار کمپیوٹر صارفین کے لیے فون کالنگ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 انسائیڈر پریویو (بیٹا پروگرام) جاری کیا گیا ہے جس میں کمپیوٹر صارفین اپنے اسمارٹ فون کی کال موصول بھی کرسکتے ہیں اور کسی نمبر پر خود کال بھی کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس کے لیے آپ کے اسمارٹ فون کو کم از کم اینڈرائیڈ 7.0 نوگیٹ یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنا ضروری ہے۔

اس کے لیے مائیکروسافٹ کی "یور فون موبائل ایپ" اس میں انسٹال ہو اور کمپیوٹر میں بلیوٹوتھ سپورٹ ہو۔ ساتھ ہی ونڈوز 10 بِلڈ 18362.256 بھی ہونا ضروری ہے۔

ڈیسک ٹاپ میں ان ایپ ڈائلر اور کانٹیکٹ لسٹ نظر آئے گی، آپ اپنے کمپیوٹر پر حالیہ کال ہسٹری کو بھی دیکھ سکیں گے، اگر آپ کال سننا نہیں چاہتے تو ڈیسک ٹاپ سے ایس ایم ایس یا وائس میل بھی بھیج سکیں گے۔

فی الحال یہ فیچر پریویو انسائیڈرز کے لیے دستیاب ہے اور عام صارفین تک اس کی رسائی میں کچھ ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کا اس حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اب آپ کو اپنی ذاتی یا دفتری کالز کے لیے اینڈرائیڈ فون کو جیب سے نکالنے کی ضرورت نہیں، اب آپ اپنے کمپیوٹر کے ذریعے بھی ان کو موصول کرسکتے ہیں، کمپیوٹر کے اسپیکر، مائیکرو فون اور بڑی اسکرین پر زیادہ بہتر کالنگ تجربے کا مزہ لیں۔

مائیکرو سافٹ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے یہ ایپ رواں سال مئی میں متعارف کرائی تھی جس کی مدد سے وہ اپنے فونز سے فائلیں کمپیوٹر میں منتقل کرسکتے ہیں، جبکہ فون کے نوٹیفکیشن بھی کمپیوٹر پر دیکھنا ممکن ہے اور میسجز کے جوابات بھی دیئے جاسکتے ہیں۔