Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
27 Jumada Al-Akhirah 1446  

لذیذ ترین پھل چکوترے کے فائدے اور چند نقصانات

شائع 10 اکتوبر 2019 04:49am

گریپ فروٹ یا چکوترا اکثر افراد کا پسندیدہ پھل ہوتا ہے لیکن جہاں اس کے بہت سے فائدے ہیں وہیں اس کے نقصانات بھی ہیں۔

شاید آپ کو یہ بات معلوم ہو کہ چکوترا جسمانی وزن میں کمی کے لیے مفید ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ گردوں میں پتھری کا باعث بھی بن سکتا ہے؟

یہاں اس مزیدار پھل کے کچھ فوائد اور نقصانات بتائیں جارہے ہیں۔

چکوترے کے فوائد

٭ جسمانی وزن میں کمی

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ ایک گلاس چکوترے کا جوس پینا خوراک کی خواہش پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس پھل میں ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو میٹابولزم کی رفتار کو بڑھا دیتے ہیں۔ چوہوں پر تجربات کے دوران ایک جاپانی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ چکوترے کے تیل کی خوشبو کو 15 منٹ تک سونگھنا بھی خوراک کی اشتہا اور جسمانی وزن کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

٭ چکنی جلد کے خلاف کار آمد

چکوترے میں قدرتی طور پر ایسی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو جلد میں اضافی تیل کو ختم کرکے مساموں کو تنگ کرتا ہے۔ یہ پھل جراثیم کش خصوصیات کا بھی حامل ہے جو بیکٹریا کو ختم کرکے کیل مہاسوں کا خاتمہ کرتا ہے۔

٭ خون کی گردش میں بہتری

چکوترے کھانے کی عادت خون کی گردش کو بہتر کرنے میں مدد دیتی ہے، بلڈ سرکولیشن ٹھیک ہو تو جسم میں پانی یا دیگر سیال کا اجتماع نہیں ہوپاتا، اس کے علاوہ جگر اور پتے کو متحرک کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

٭ ڈپریشن کے خلاف مفید

چکوترا یا اس کے تیل کی مہک ذہن اور جسم کے مختلف حصوں کو متحرک کرتی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف ہارمونز جیسے ڈوپامِن اور آکسیٹوکین خارج ہوکر مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں، ایسا ہونے پر ذہنی بے چینی اور ڈپریشن کے خلاف لڑنے مین مدد ملتی ہے۔

٭ بڑھاپے کے خلاف مزاحمت

چکوترے میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جلد کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ جھریوں کے خلاف مزاحمت بھی کرتے ہیں۔ اس پھل میں ایک جز سپیرمیڈن بھی پایا جاتا ہے، ایک طبی تحقیق کے مطابق یہ جز خلیات کے عمر بڑھنے کے عمل کو سست کردیتا ہے۔

٭ کولیسٹرول کی سطح میں کمی

ایک طبی تحقیق کے مطابق سرخ چکوترے کا ایک ماہ تک روزانہ استعمال کولیسٹرول کی سطح میں 15 فیصد تک کمی کرتا ہے۔ تاہم چکوترے کے پھل کے ساتھ مخصوص ادویات بشمول امراض قلب کی ادویات کا امتزاج خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے، تو اسے اپنی غذا کا حصہ بنانے سے پہلے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔

چکوترے کے نقصانات

٭ منہ کے چھالوں کا مسئلہ

اگر منہ میں چھالے ہورہے ہیں تو چکوترے کو کھانے یا اس کا جوس پینے سے گریز کریں، کیونکہ اس میں موجود تیزابیت جلن مزید بڑھادے گی، ویسے بھی چکوترے کو تیزابیت کی وجہ سے دانتوں کے لیے بدترین غذاؤں میں سے ایک مانا جاتا ہے، جس کا زیادہ استعمال دانتوں کی سطح ختم کرسکتا ہے۔

٭ گردوں میں پتھری کا خطرہ

گردوں میں پتھری کی بڑی وجہ کیلشیئم کی ایک قسم کا بڑھ جانا ہے۔ چکوترے، سیب اور مالٹے وغیرہ کیلشیئم کی سطح کو بڑھاتے ہیں جس کے نتیجے میں پتھری کا خطرہ بڑھتا ہے۔ تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پھلوں کا بہت زیادہ استعمال کرنا اس خطرے کا باعث بنتا ہے لہذا معتدل مقدار میں انہیں کھانا نقصان دہ نہیں ہوتا۔ پھر بھی گردوں میں پتھری کے تجربے سے گزرنے والے افراد ڈاکٹر سے رجوع کرکے ان کا استعمال کریں۔