Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

چین کا مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت میں بیان ، بھارتی میڈیا رونا شروع

شائع 09 اکتوبر 2019 06:13pm

چین کے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت میں بیان سامنے آنے پر بھارت میں صف ماتم بچھ گیا۔

بھارتی میڈیا نے چین کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر رونا شروع کردیا۔

چین نے اپنے بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ حل کرے۔ وزیراعظم عمران خان چین کے دورے پرہیں اور وہاں پر ان کی چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ پاکستان اور بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کشمیر کامعاملہ نمٹائیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین مقبوضہ کشمیر کے حالات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور یہ ایشو تاریخ کا تاحال حل طلب ہے ، اور اسکو دوطرفہ معاہدے سے اقوام متحدہ کے چارٹر، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

چین نے اس حوالے سے بھارت کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مذمت کی۔

 دوسری جانب بھارتی میڈیا نے چین کے بیان کے بعد رونا شروع کردیا ہے ، اور بھارتی جریدے ٹائمز ناو نے چینی بیان کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے چین کے بیان کو یوٹرن سے تعبیر کیا ۔

ادھر بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور نئی دہلی نہیں چاہتا کہ کوئی اور ملک اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرے۔

چینی صدر شی چن پنگ رواں ماہ بھارت کے دورے پر جارہے ہیں جس میں وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرینگے۔

اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقعے پر چینی قیادت اپنے دورہ بھارت کے حوالے سے اعتماد میں لے گی۔