Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

تیسرا ٹی 20: آٹھویں نمبر کی بی ٹیم نے عالمی نمبرون کو کلین سوئپ کردیا

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2019 05:19pm

 

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھی آئی لینڈرز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں آئی لینڈرز نے پہلے بیٹنگ کرکے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بناسکی۔

پاکستانی بیٹنگ لائن اپ گزشتہ 2 میچوں کی طرح اس میچ میں بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 52 جبکہ بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 27 رنز اسکور کئے۔

اس کے علاوہ کپتان سرفراز اور افتخار احمد نے 17، 17 جبکہ وہاب ریاض نے 12 رنز اسکور کئے۔ فخر زمان بنا کوئی رن بنائے اننگز کی پہلی گیند پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا ڈی سلوا نے 3، لاہیرو کمارا نے 2 اور راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سری لنکن ٹیم نے پہلی بار 3 میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی جبکہ کلین سوئپ کے بعد پاکستان کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی خطرے میں پڑگئی۔

ونندو ہسارانگا ڈی سلوا کو میچ میں 3 اور سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

 

Time: 20:15 PST

سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف

اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کئے، اُشادا فرنینڈو نے 78 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ سری لنکا کی جانب سے اینجلو پریرا 13، کپتان شناکا 12، سمارا وکرما 12، اوپنر گُناتھیلاکا 8، ہسارانگا 6، راجاپکسے 3 اور مدوشناکا 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 27 رنز دیئے اور 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ عماد وسیم اور وہاب ریاض نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

عثمان شنواری اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 43 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے۔

 

Time: 18:00 PST

تیسرا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں آئی لینڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے مسلسل تیسری بار جیت کر پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

سیریز جیتنے کے بعد سری لنکا کی ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی تھیں جبکہ پاکستانی ٹیم میں بھی 3 تبدلیاں کی گئی تھیں، قومی ٹیم میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین کی جگہ حارث سہیل، محمد افتخار اور عثمان شنواری کو کھلایا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں کی پلیئنگ الیون ذیل میں ملاحظہ کریں۔

Screenshot Courtesy: ESPNcricinfo

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آخری میچ کو جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے جبکہ انہوں نے لاہور کے شائقین کرکٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ عالمی نمبر ون پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 64 اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 35 رنز سے شکست ہوئی تھی، اور اب سری لنکن ٹیم نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں 13 رنز سے فتح سمیٹ کر کلین سوئپ مکمل کرلیا ہے۔