Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

سب سے زیادہ قائل کرنیوالی مسلم شخصیات میں وزیراعظم عمران خان مین آف دا ایئر قرار

شائع 08 اکتوبر 2019 02:44pm

اردن میں وزیراعظم عمران خان کو سب سے زیادہ قائل کرنیکی صلاحیت رکھنے والی مسلم شخصیات میں  مین آف دا ایئر قرار دے دیا۔

ان کو یہ اعزاز اردن کے رایل اسلامک اسٹریٹیجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ آزاد  حیثیت میں ریسرچ کے فرائض سرانجام دیتا ہے۔

قاہرہ میں امریکن یونیورسٹی میں صحافت کے پروفیسر عبداللہ اسکلیفر نے اس اعزاز کیلئے شخصیات کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ اگر یہ فہرست انیس سو بانوے میں شائع ہوتی تو وہ اس وقت بھی عمران خان کو کرکٹ کی دنیا میں بہترین کارکردگی دکھانے پر اس اعزاز کیلئے منتخب کرتے اور اسہی پرفارمنس کے نتیجے میں پاکستان نے انیس سو بانوے میں ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔

انہوں نے اس موقعے پر وزیراعظم عمران خان کی شوکت خانم اسپتال کیلئے فنڈنگ کیلئے امدادی مہم کا بھی تذکرہ کیا اور کہا اس کامیاب مہم کی بدولت وہ کینسر کے علاج کیلئے اتنا بڑا اسپتال بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ عمران خان کو حالیہ اعزاز ان کو بھارت کے ساتھ امن کی خواہش پر دیا گیا ہے۔  پروفیسر عبداللہ نے کہا کہ عمران خان کی تمام کامیابیاں تفصیلی طور پر سوانح عمری میں بیان کردی گئی ہیں ۔ تاہم پانچ سو افراد کی اس فہرست میں سولہواں نمبر عمران خان کو بھارت سے امن کی کوششوں کی وجہ سے دیا گیا ہے۔

انہوں نے عمران خان کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کو اولین ترجیح قرار دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے اپنے الفاظ میں کشمیر کا تنازعہ بھارت اور پاکستان کے درمیان معمول کے تعلقات  نہ ہونے کی جڑ ہے اور عمران خان بھارت کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرکے تجارت کے ذریعے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔

اسہی ادارے کی جانب سے فلسطینی نژاد امریکی رکن کانگریس راشیدہ تلیب کو وومن آف دی ایئر کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔