Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی آئی اے کی جانب سے جعلساز کو 65 ہزار ڈالرز ادا کرنے کا انکشاف

اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2019 02:52pm

پی آئی اے کی جانب سے غیر ملکی جعلساز کو 65 ہزار ڈالرز سے زائد کی ادائیگی کا انکشاف  ہوا ہے، ادائیگی ترکمانستان فضائی حدود میں پی آئی اے پروازوں کی اوور فلائنگ بل کی مد میں جعلساز کو کر دی گئی،  اوور فلائنگ کی رقم سرکاری بینک کے بجائے جعلساز کے بتائے ہوئے بینک اکاونٹ میں منتقل کی گئی۔

   نو ماہ قبل معاملے کی محکمانہ انکوائری کی پیش کردہ رپورٹ پرموجودہ انتظامیہ نے بھی  تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ رقم مارچ 2018   قومی ائر لائن کی 70 پروازوں کی اوورفلائنگ کے لئے اپریل میں ادا کی گئی۔

 اصل ای میل ایڈریس پرروانہ ای میل کے جواب میں جعلساز نے ایک لفظ کی تبدیلی کے ساتھ اپنا ای میل ایڈریس روانہ کیا، پی آئی اے اوور فلائنگ یونٹ نے ای میل ایڈریس چیک کئے بغیرجعلی ای میل پر ہی خط و کتابت کی۔

 جعلی ای میل کے ذریعے سرکاری بینک کے بجائے ترکی کے ایک بینک کے سوئفٹ کوڈ پررقم منتقل کرائی گئی،  قومی ائرلائن کے متعلقہ شعبے نے بینک تبدیلی کی تصدیق بھی جعلی ای میل ایڈریس کے ذریعے کی۔   جعلساز سے تصدیق کے بعد 23 اپریل کو رقم جعلساز کے بتائے ہوئے بینک میں منتقل کر دی گئی۔

  ترکمانستان کے اصل شعبے کی جانب سے  ادائیگی کی انوائس دوبارہ بھیجنے پر جعلسازی کا انکشاف ہوا۔ قومی ائر لائن کے شعبہ ایم آئی ایس نے محکمانہ انکوائری کے بعد ائر لائن سی ای او کو رپورٹ ارسال کی۔

 دسمبر 2018 میں پیش کردہ انکوائری رپورٹ میں ہوشربا انکشافات اور تجاویز پرذمہ داروں کے خلاف تاحال  کوئی کارروائی نہیں کی گئی، انکوائری پورٹ میں جعلساز کو ادائیگی کے ذمہ داران کا تعین اور کارروائی کی  سفارش کی گئی تھی۔

 انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا شعبے کے ذمہ دارافسران نےادائیگی کے معاملات گروپ 4 کے اہلکار کے  سپرد کر رکھے تھے لاکھوں ڈالرز ادائیگی کے لئے کارروائی کا تمام اختیار گروپ 4 کے اہلکار کے سپرد کیا گیا۔

 ہائی پاور کمیٹی ذمہ داروں سے رقم کی وصولی کا طریقہ کار طے کرے،متعلقہ شعبے کے افسران پر بیرون  ملک جا کررقم کی ریکوری کے لئے کارروائی کرنا لازم تھی۔