Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پب جی موبائل کا "مخصوص صارفین" پر 10 سال کی پابندی کا اعلان

شائع 08 اکتوبر 2019 06:28am

کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز پر کھیلے جانے والا دنیا کا مقبول ترین ویڈیو گیم (PUBG: Player Unknown's battle Ground) نے مخصوص صارفین پر دس سال تک کی پابندی کا اعلان کیا ہے۔

پب جی موبائل انتظامیہ نے کھیل کے دوران چیٹینگ کرنے والوں پر 10 سال کی پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق پب جی موبائل کی انتظامیہ نے گیمنگ کے دوران چیٹینگ اور فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے نمٹنے کے لیے یہ سخت قدم اٹھایا ہے۔

پی جی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو بھی کھلاڑی گیم کے مختص کئے گئے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اس پر دس سال کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اگر کھلاڑی کسی غیرمجاز تھرڈ پارٹی ایپلیکیشنز کی مدد سے گیم کو ہیک کرنے کا مرتکب پایا گیا اس پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔

پب جی انتظامیہ نے گیمرز کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گیم کے دوران انہیں دوسری ٹیم کی طرف سے چیٹینگ کا شبہ ہو تو فوراً ان کی آئی ڈیز نوٹ کر کے رپورٹ درج کرائیں۔

پب جی موبائل اس مسئلے کو ماہانہ کی بنیاد پر دیکھ رہی ہے تاکہ اس گیم کو دھوکہ دہی سے بالکل شفاف بنایا جا سکے اور گیمرز ایک مساوی ماحول میں کھیل سکیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پب جی انتظامیہ کی جانب سے ستمبر کے ماہ کے دوران 3500 سے زائد گیمرز پر 10 سال کی پابندی کا اطلاق کیا جاچکا ہے۔