دوسرا ٹی ٹوئنٹی: 35 رنز سے شکست، پاکستان سیریز سے ہاتھ دھو بیٹھا
لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں آئی لینڈرز نے شاہینوں کو 35 رنز سے شکست دے کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پاکستان کو 183 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 47، آصف علی 29، کپتان سرفراز احمد 26، احمد شہزاد 13، وہاب ریاض 7، فخر زمان 6، بابر اعظم 3، محمد حسنین 1 اور شاداب خان صفر رنز بناکر پویلین روانہ ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ عمر اکمل ایک بار پھر گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔
عمر اکمل پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوینٹی میں سب سے زیادہ 10 مرتبہ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ انہوں نے ڈک پر آؤٹ ہونے کا ورلڈ ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4، ڈی سلوا نے 3، اُدانا نے 2 اور رجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے اس میچ میں فتح کے ساتھ سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، پہلے ٹی ٹوینٹی میں آئی لینڈرز نے 64 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔
Time: 20:10 PST
سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاہینوں کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیت کر پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا، آئی لینڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کئے۔
سری لنکا کی جانب سے راجاپکسے نے شاندار 77 اور جیسوریا 34 رنز بنائے، دونوں کے درمیان 94 رنز کی بہترین شراکت داری قائم ہوئی۔
اس کے علاوہ گزشتہ میچ کے ہیرو اوپنر گُناتھیلاکا صرف 15، اوِشکا فرنینڈو اور اُدانا 8، 8 جبکہ بانوکا 0 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شناکا نے اختتامی اوورز میں 27 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سری لنکا کے 3 بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔
Time: 18:00 PST
سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیت کر پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں فہیم اشرف اور افتخار احمد کی جگہ وہاب ریاض اور فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے جبکہ سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے کافی سازگار لگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی نمبر ون پاکستان کو پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں سری لنکا کیخلاف 64 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Comments are closed on this story.