پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، چین اور روس کی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کردی
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے ، عمران خان کہتے ہیں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسٹیل ملزعامر ممتاز و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کی سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ کو ختم کیا جا سکےاور ادارے کو فعال بنا یا جائے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کوبحال کرکے اسے منافع بخش بنایا جائے۔
Comments are closed on this story.