Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

بدقسمتی سے حکومت ایکسپورٹرز کے کام میں روڑے اٹکارہی ہے، سپریم کورٹ

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2019 02:50pm

سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو آٹا برآمد کرنے والی فلور ملز کو بینک گارنٹی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہاکہ تجارتی حجم کم ہونا ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے۔ کاروباری طبقے کو سہولیات دی جائیں ناکہ مشکلات پیدا کی جائیں۔ بدقسمتی سے ایکسپورٹرز کے کام میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔

 آٹا برآمد کرنے والی فلور ملز کو بینک گارنٹی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

عدالت نے فلور ملزم کو بینک گارنٹی واپس کرنے کے حکم کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارج کر دی۔  سپریم کورٹ نے کہا کہ بدقسمتی سے ایکسپورٹرز کے کام میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔ برآمدات متاثر ہونے سے ملکی تجارتی حجم کم ہوگا۔  تجارتی حجم کم ہونا ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے۔ کاروباری طبقے کو سہولیات دی جائیں ناکہ مشکلات پیدا کی جائیں۔

ڈائریکٹر فوڈ پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ فلور ملز محکمہ خوراک کو مطمئن نہ کر سکیں تو جسٹس فائزعیسیٰ نے کہا کہ آپ نے اپنے اطمینان کیلئے کونسے دستاویزات مانگے تھے جو نہیں ملے؟ آپ پتا نہیں کس طرح کا اطمینان چاہتے ہیں۔  جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں کاروباری طبقے کو سہولیات دی جائیں گی، دوسری طرف کاروباری افراد کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں۔