Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

اداکار جنید خان کو فلم 'عاشقی 2' کی آفر قبول نہ کرنے پر پچھتاوا

شائع 03 اکتوبر 2019 04:08pm

پاکستان کے مشہور گلوکار و اداکار جنید خان کو بالی وُڈ فلم 'عاشقی 2' کی پیشکش ٹھکرانے پر اب تک پچھتاوا ہے۔

شائستہ لودھی کے شو میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں 2013 کی بالی وُڈ فلم 'عاشقی 2' کیلئے پیشکش کی گئی تھی تاہم وہ انہوں نے مسترد کردی تھی۔

مہیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے حوالے سے جنید کا کہنا تھا کہ 'اُنہیں اس فلم کیلئے پاکستان سے اداکار چاہیئے تھا جس کیلئے انہوں نے ایک آن لائن مقابلہ کروایا'۔

جنید خان نے مزید کہا کہ 'اُنہیں فلم کیلئے ایسا اداکار چاہیئے تھا جسے بھارت میں کوئی نہ جانتا ہو، ساتھ ہی اسے اداکاری اور گلوکاری دونوں آتی ہوں، اس لئے مجھے فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تھی'۔

اداکار نے مزید بتایا کہ 'اُن لوگوں نے پاکستان میں دو تین لوگوں تک رسائی حاصل کی جن میں اسفر بھی شامل تھے'۔

جنید نے مزید بتایا کہ 'ٹی سیریز کے ساتھ جب پروڈکشن پارٹنر آیا تو انہوں نے بھارت سے ہی کاسٹنگ کرلی لیکن پہلے والے پلان میں ہم تمام لوگوں کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا تھا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'جب میں نے بعد میں فلم دیکھی تو افسوس ہوا کیونکہ یہ ایک بڑا پلیٹ فارم تھا مہیش بھٹ کی پروڈکشن تھی ساتھ ہی فلم کے گانے بھی بے حد زبردست تھے'۔

واضح رہے کہ جنید خان پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتے ہیں، انہوں نے مومنہ مستحسن کے ساتھ کوک اسٹوڈیو سیزن 9 میں پرفارم بھی کیا۔