Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرے ون ڈے میں فتح کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ بھی پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2019 04:36pm

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز سری لنکا کو ہوم سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر کسی بھی ایک مخالف کے خلاف سب سے زیادہ فتوحات کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو شکست دی تو یہ اُن کی آئی لینڈرز کے خلاف 92 ویں فتح تھی، جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو جبکہ بھارت کی ٹیم نے سری لنکا کو 91، 91 میچز میں شکست دے رکھی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 137 میں سے 91 میچز جیت رکھے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 159 میں سے 91 میچز ہی جیت رکھے ہیں۔

گرین شرٹس نے گزشتہ روز سری لنکا کی ٹیم کو شکست دی تو یہ آئی لینڈرز کے خلاف پاکستان کی 92 ویں فتح تھی۔ شاہینوں نے سری لنکا کے خلاف 155 میں سے 92 میچز جیتے ہیں جبکہ 58 میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی، سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔