Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

لبنانی وزیراعظم کی بِکنی ماڈل پر 16 ملین ڈالرز کی برسات

شائع 02 اکتوبر 2019 04:33pm

لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے جنوبی افریقا کی خوبصورت ماڈل کو 16 ملین ڈالر دیئے جس پر انہیں لبنان میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے یہ رپورٹ عدالتی شواہد کے حوالے سے شائع کی ہے، جس کے بعد لبنانی وزیراعظم کے حق اور مخالفت میں سوشل میڈیا پر شدید بحث جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک عدالتی کارروائی کے دوران بکِنی ماڈل کینڈیس فان دیئر میروے سے یہ دریافت کیا گیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں اچانک اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی؟ حالانکہ عدالت میں پیش کیے جانے والے شواہد کے مطابق ماڈل کی سالانہ کمائی صرف پانچ ہزار ایک سو ڈالر کے برابر تھی۔

یہ رقم سعد الحریری کی جانب سے ماڈل کو تحفے میں دی گئی تھی، ویسے تو رقوم کی یہ منتقلی نہ لبنان اور نہ ہی جنوبی افریقا میں غیرقانونی ہے تاہم یہ بات ایسے وقت میں منظر عام پر آئی ہے جب لبنان شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔

لبنان کے معاشی بحران پر گزشتہ ماہ وزیراعظم سعد الحریری کی جانب سے معاشی ایمرجنسی کا ذکر کیا گیا تھا اور کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کا اعلان بھی کیا تھا۔

کیس کی کارروائی کے دوران ماڈل نے عدالت کو بتایا کہ 2013 میں انہوں نے سعد الحریری کو ایک ای میل کی تھی جس میں لکھا گیا تھا کہ 'میرے سعد! میں تم سے محبت کرتی ہوں'، اس کے کچھ دیر بعد ہی ایک لبنانی بینک کے ذریعے ماڈل کے اکاؤنٹ میں تقریباً 16 ملین ڈالر منتقل ہوئے۔

جب ماڈل نے اس رقم کا استعمال شروع کیا تو جنوبی افریقا کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کردیا، چونکہ جنوبی افریقا میں تحفتاً حاصل کی گئی رقم پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا اس لئے ماڈل نے یہی موقف اپنایا۔

تحقیقات کے دوران ٹیکس حکام نے تمام تر رقوم منجمد کی تو ماڈل کے خرچ اور عدالتی کارروائی کے لیے سعد الحریری نے مزید ایک ملین ڈالر منتقل کیے تھے۔

واضح رہے جب یہ رقوم منتقل کی گئیں تو سعد الحریری لبنان کے وزیراعظم نہیں تھے، ان کا شمار لبنان کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے اور ان کی دولت کا تخمینہ 1 اعشایہ 5 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔