آپ نے چاند غلط دیکھا، فواد چوہدری کا رویت ہلال کمیٹی کو چیلنج
فواد چوہدری نے صفر کے چاند کی تصاویر ٹویٹ کرکے دعویٰ کیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے صفر کا اعلان قمری کیلنڈر کے مطابق نہیں کیا اور کہا کہ چاند نظر نہیں آیا لیکن ان تصاویر میں گوادر اور پسنی کے آسمان پر چاند واضح طور پر نظر آرہا ہے۔
اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا ہے کہ صفر کا چاند واضح طور پر آسمان میں نظر آرہا ہے، اب مولوی صاحبان کہتے ہیں دور بین سے نظر آنا شرعی نہیں تو پھر عینک بھی تو عدسہ ہے۔ ٹویٹ ملاحظہ کریں۔
روئت جلال کمیٹی نے ماہ رجب کا اعلان قمری کیلنڈر کے مطابق نہیں کیا اور کہا چاند نظر نہیں آیا، ان تصاویر میں گوادر اور پسنی کے آسمان پر چاند نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے، اب مولوی صاحبان کیتے ہیں دور بین سے نظر آنا شرعی نہیں تو پھر عینک بھی تو عدسہ ہے، pic.twitter.com/MjwO6aswIa
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 1, 2019
وفاقی وزیر نے اپنی پہلی ٹویٹ میں صفر کی جگہ رجب کا چاند لکھا دیا تھا جس پر انہوں نے ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معذرت رجب نہیں صفر کا چاند موضوع ہے۔
معذرت رجب نہیں صفر کا چاند موضوع ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 1, 2019
فواد چوہدری کے قمری کلینڈر کے مطابق اتوار کو صفر کا چاند نظر آنا تھا مگر رویت ہلال کمیٹی نے اجلاس کے بعد اس بات کا اعلان کیا تھا کہ صفر کا چاند نظر نہیں آیا ہے اس لیے یکم صفر منگل کو ہوگی اور یوں رویت ہلال کمیٹی نے وزارت سائنس کی جانب سے جاری کردہ قمری کلینڈر کو غلط ثابت کردکھایا۔
تاہم اب وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے ٹوئٹر پر چاند کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں اور انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اتوار کے روز صفر کا چاند گوادر اور پسنی میں آسمان پر واضح طور پر نظر آرہا تھا۔
واضح رہے کہ جب اتوار کے روز قمری کلینڈر غلط ثابت ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے قرار دیا کہ مفتی منیب نے فواد چوہدری کے قمری کلینڈر کو غلط ثابت کردیا اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ کلینڈر پر سوالات اٹھانے شروع کردیے تھے۔
لیکن ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ کوئی فواد چوہدری کو چیلنج کرے اور وہ خاموش رہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ رویت ہلال کمیٹی اس پر اپنا کیا ردعمل دیتی ہے۔
Comments are closed on this story.