چونیاں میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کا مرکزی ملزم گرفتار
لاہور: چونیاں میں بچوں کے قتل کے واقعے پر اہم پیشرفت سامنے آگئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام سہیل شہزاد ہے جس کی عمر 27 سال ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے جبکہ فیضان اور علی حسن کے کپڑوں کے نمونے بھی میچ کرگئے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چونیاں میں 4 بچے لاپتہ ہوئے تھے، چاروں وارداتیں سہیل شہزاد نے ہی کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے بہت محنت کی، میں خود اس معاملے کی نگرانی کروں گا۔
وزیراعلیٰ نے میڈیا کو ملزم کی تصویر دکھاتے ہوئے بتایا کہ ملزم رانا ٹاؤن کا رہائشی ہے جو پہلے بھی بچوں سے زیادتی کیس میں سزا کاٹ چکا ہے۔
عثمان بزدار نے ملزم کا نام سہیل شہزاد بتایا اور کہا کہ 1649 افراد کی جیوفینسنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی قانون سازی کریں گے کہ آئندہ کوئی اس قسم کا کام کرنے کی جرات بھی نہ کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کیس کی جوڈیشل انکوارئری چل رہی، اسکے علاوہ ہم کیا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے قصور میں چائلڈ پروٹیکشن کا ادارہ بنایا جائے گا۔
Comments are closed on this story.