Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

حِرا کو جب مانی کی پہلی شادی کا پتا چلا تو کیا ہوا؟

شائع 01 اکتوبر 2019 02:34pm

پاکستان کے شہرت یافتہ اداکار سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے اپنی پہلی شادی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ حِرا سے 10 سال تک اس شادی کو چھپایا۔

شائستہ لودھی کے ٹی وی شو 'گپ شپ وِد شائستہ' میں انٹرویو کے دوران میزبان شائستہ نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کی اہلیہ حِرا کو آپ کی شادی کے بارے میں معلوم تھا؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حِرا کو میری پہلی شادی کے بارے میں معلوم نہیں تھا، اگر ہوتا تو وہ مجھ سے کبھی شادی نہیں کرتی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی 12 سال قبل آمنہ سے ہوئی تھی جبکہ ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام نیّر ہے۔

مانی نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ ایک دن میری پہلی اہلیہ اور بیٹا اچانک میرے گھر پر آگئے اور پیسوں کا مطالبہ کرنے لگے، اُسی دن حِرا کو میری پہلی شادی کا علم ہوا۔

اداکار نے کہا کہ جب حِرا کو میری پہلی شادی اور بیٹے کا معلوم ہوا تو اس کو کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ اس نے یہ تک کہا کہ بیٹے کو بھی گھر لے آؤ، وہ بھی میرے بیٹے جیسا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حِرا دل کی بہت اچھی ہیں اور وہ جانتی تھیں کہ اب میری پہلی شادی ختم ہو چکی ہے۔

مانی نے مزید کہا کہا کہ شکر ہے اس وقت ٹی وی اور انٹرنیٹ کا دور نہیں تھا ورنہ یہ بات ٹی وی پر آجاتی۔

بعد ازاں مانی نے اچانک زور دار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک فرضی کہانی ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں، اگر میری شادی ایسے ہوئی ہوتی تو اِس کا علم انسان تو کیا جانوروں کو بھی ہوتا۔

انٹرویو میں ایک سیگمنٹ کے دوران مانی نے کہا کہ مجھے یاد ہے دل دیا تھا ہم نے پی ٹی آئی کو لیکن اس نے دل توڑ دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) اس وقت ملک کی حکمراں جماعت ہے اور الیکشن سے قبل مانی اسے بھرپور طریقے سے سپورٹ کرتے نظر آتے تھے۔