Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمعون عباسی کی تھرلر فلم "دُرج" پر پابندی عائد

شائع 01 اکتوبر 2019 07:05am

پاکستان کے معروف اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی کی فلم "دُرج" پر سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

شمعون عباسی نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سینما انڈسٹری کو رواں ماہ کچھ مختلف دیکھنے کو ملے گا۔

شمعون عباسی کی تھرلر فلم "دُرج" کو رواں سال 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں جب کہ 18 اکتوبر کو پاکستان میں نمائش کیلئے پیش کیا جانا تھا،  فلم کو عالمی کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جانا تھا۔ تاہم پابندی عائد کرنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی۔

فلم "دُرج" کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ بہت سارے اداکاروں نے اس فلم کو عکس بندی کے دوران چھوڑ دیا تھا، کچھ میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ پہاڑوں پرسخت دھوپ میں عکس بندی کرسکیں جب کہ کچھ لوگوں کو اس فلم پر یقین ہی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ "دُرج" کی ہدایات کاری بھی شمعون عباسی نے کی ہے اور اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے، فلم میں مرکزی کردار بھی شمعون عباسی نے ہی کیا ہے اور ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

آدم خور انسانوں پر مبنی فلم کی ایسی کہانی اس سے قبل برصغیر میں کسی ڈائریکٹر نے نہیں بنائی، ہیڈ ڈائریکٹر شمعون عباسی اور پروڈکشن ٹیم نے فلم کو حقیقی رنگ دینے کیلئے کئی مہینے ریسرچ کی اور انہوں نے کافی وقت دنیا سے الگ تھلگ غاروں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ گزارا تاکہ اِن کے طرز زندگی کی پُراسراریت کو صحیح روپ میں فلم بینوں کے سامنے پیش کر سکیں۔

فلم کے ریلیز کردہ ابتدائی ٹریلرز کو اب تک یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ اور سراہ چکے ہیں اور فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔