Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

منیر اکرم کی دوبارہ اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعیناتی، بھارت میں صفِ ماتم

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2019 12:09pm

Munir Akram UNGA
کراچی: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو تعینات کردیا ہے۔

چوہتر سالہ منیر اکرم 2002 سے 2008 کے درمیان بھی اسی عہدے پر برقرار رہ چکے ہیں، تاہم بینظیر بھٹو قتل کیس پر اختلافات کے باعث سابق صدر آصف زرداری نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

منیر اکرم انتہائی جارحانہ سفارتکاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، بالخصوص بھارت کے حوالے سے ان کا رویہ انتہائی جارحانہ رہا ہے۔

منیر اکرم جب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب تھے تو انہی دنوں میں پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا تھا، اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے منیر اکرم نے نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے حوالے سے بھرپور انداز میں اپنی آواز بلند کی۔

2003 میں بھارتی میگزین "آﺅٹ لُک انڈیا" میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق بھارت کے سفارتی حلقوں میں منیر اکرم کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا جس کی وجہ ان کا انڈیا کے خلاف جارحانہ رویہ ہے۔

اپنے سابقہ دور میں کشمیر اور ایٹمی ہتھیاروں کے معاملے پر منیر اکرم نے انڈیا کو خوب دھول چٹائی تھی۔

منیر اکرم کے بھائی ضمیر اکرم بھی سفارتکار ہیں جو انڈیا سمیت مختلف اہم سفارتی محاذوں پر پاکستان کا مقدمہ لڑتے رہے ہیں۔

انڈیا کے سفارتی حلقوں میں دونوں بھائیوں کو ان "زہریلے میزائلوں" کی وجہ سے جانا جاتا ہے جو وہ انڈیا پر داغتے رہتے ہیں۔

جن دنوں منیر اکرم پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان تھے تو اس وقت انہوں نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران اس وقت کے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کو "کرائے کا مسلمان" قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے واپس آتے ہی اہم سفارتی عہدوں پر بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کی منظوری دی۔ وزیر اعظم نے ڈی جی یو این خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ محمد اعجاز کو ہنگری میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا، پیانگ یانگ میں ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت اور احسن کو مسقط میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔

قونصل جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کو ڈھاکہ میں اور سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نے عبد الحمید کو ٹورنٹو میں اور ابرار حسین ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل مقرر کیا ہے۔