Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

بھارت: شدید بارش اور سیلاب سے 122 ہلاک، نظام زندگی درہم برہم

شائع 30 ستمبر 2019 02:51pm

اترپردیش اور بہار میں شدید بارش اور سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک سو بائیس ہوگئی جبکہ ذرائع آمدورفت معطل اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا سیوریج کا پانی بھی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنے کیلئے لوگوں نے کشتیاں استعمال کرنی شروع کردیں۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ریاستوں میں بجلی کی سپلائی ،اسکول ،  ٹرینوں  سمیت دیگر آمدورفت تعطل کا شکار ہیں۔

اترپردیش کی حکومت نے 93 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے،حکام نے مزید بتایا کہ  یہیں پر بلیہ نامی ضلع میں تین جیلوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کے بعد پانچ سو قیدیوں کو دوسری عمارتوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ مجسٹریٹ نے صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ تمام آٹھ سو پچاس قیدیوں کو آعظم گڑھ نامی جیل منتقل کرنے کیلئے اجازت نامے کا انتظار ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق  بہار میں بھی شدید بارش اور سیلابی پانی سے ہلاکتیں انتیس ہوگئی ہیں، اے این آئی کے مطابق نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی اور انکے اہلخان  کو بھی امدادی  کارکنان نے انکے گھرسے بامشکل نکالا، کیونکہ سیلابی پانی انکے گھر میں داخل ہوگیا تھا۔، متاثرہ علاقوں میں سیلانی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو منتقل کرنے کیلئے کشتیوں کا استتعمال کیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق بارش توقع سے زیادہ ہوئی ہے جس کے باعث صورتحال اتنی ابتر ہے ، رپورٹس کے مطابق بارش کے باعث شہر کے سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور گندا پانی بھی گھروں میں داخل ہورہا ہے۔

حکومت نے متاثرہ علاقوں سے پانی نکلالنے کیلئے بھارتی فضائیہ کو طلب کرلیا ہے تاکہ مشینوں سے پانی نکالا جاسکے۔