Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

پاکستان نے تیسرا ون ڈے اور سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2019 06:32pm

کراچی: پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 297 رنز بنائے، اوپنر گُناتھیلاکا نے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی اوپنرز عابد علی اور فخر زمان نے 123 رنز کی شراکت بنائی، فخر زمان نے 76 اور عابد علی نے 74 رنز اسکور کیے۔

درمیان میں ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی تو حارث سہیل نے زبردست نصف سینچری داغ دی، انہوں نے 56 رنز اسکور کئے۔

اس کے علاوہ افتخار احمد نے بھی 28 رنز کی اہم ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو 5 وکٹوں سے فتح دلوائی۔

پاکستان ٹیم نے 2019 میں پہلی ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے۔

پاکستان کے عابد علی کو 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا جبکہ نائب کپتان بابر اعظم کو سیریز میں مجموعی طور پر 146 رنز اسکور کرنے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو لاہور میں ہوگا۔

سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 298 رنز کا ہدف

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس سری لنکن کپتان لاہیرو تھریمانے نے جیتا اور پہلے خود باری لیتے ہوئے پاکستان کو 298 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے، اوپنر گُناتھیلاکا نے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ داسن شناکا نے اختتامی اوورز میں 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ کپتان تھریمانے اور بھانوکا نے 36، 36 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تجربہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض نے 10 اوورز کے کوٹے میں 81 رنز دے ڈالے اور اننگز کی آخری گیند پر اپنی واحد وکٹ حاصل کی۔

 

سری لنکا کا پاکستان  کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان بمقابلہ سری لنکا ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانےوالے تیسرے ون ڈے سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگکا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق کی جگہ عابد علی اور عماد وسیم کی جگہ محمد نواز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں بھی تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔

پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔