Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

وزیر اعظم کا ائیرپورٹ پر استقبال، پروٹوکول افسر کی جیب کٹ گئی

شائع 30 ستمبر 2019 05:23am

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے دوران معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے پروٹوکول آفیسر مقبول احمد کی جیب کٹ گئی، جیب سے 40 ہزار300 روپے اور ضروری کاغذات نکالے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی لاپرواہی کے باعث نیواسلام آباد ایئرپورٹ بھی جیب کتروں سے محفوظ نہ رہ سکا۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے پروٹوکول آفیسر مقبول احمد پروٹوکول کیلئے کھڑے تھے کہ کسی نے ان کی جیب پر ہاتھ صاف کردیا۔

اطلاعات کے مطابق جیب سے40 ہزار 300 روپے اور ضروری کاغذات نکالے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ون فائیو پر اطلاع دی تو ایئرپورٹ چوکی سے کال آئی کہ آکر درخواست دیں۔ جس پر پروٹوکول آفیسرمقبول نے ایئرپورٹ چوکی میں درخواست جمع کروا دی ہے۔ تاہم اب تک کوئی مقدمہ درج نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ اتوار کو وزیراعظم عمران خان امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم کا استقبال کرنے والوں میں وفاقی کابینہ کے ارکان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے گورنرز، دیگر پارٹی رہنماء اور کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔