Aaj News

اتوار, دسمبر 29, 2024  
27 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ، فقیدالمثال استقبال کا اعلان

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2019 10:12am

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نیویارک سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں، ان کا خصوصی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوچکا ہے جو ایک گھنٹہ 45 منٹ میں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے گا۔

تحریک انصاف نے عمران خان کی واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھرپور استقبال کا اعلان کیا ہے۔  استقبال کیلئے قافلے اسلام آباد ائیرپورٹ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں جن کی قیادت سیف اللہ خان نیازی کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو نیویارک ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے الوداع کیا۔

روانگی سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزت اللہ دیتا ہے، قوم نے دعائیں کیں، جو پیغام دینے آئے تھے وہ کامیابی سے دیا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اونچ نیچ آتی ہے، لوگوں نے مایوس نہیں ہونا، دنیا کو پیغام چلا گیا کہ 80لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی پر بہترین استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے عمران خان کے تاریخی استقبال کا اعلان کیا ہے، جب کہ عوام سے شام 5 بجے ائیرپورٹ پہنچنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ “آؤ جيت کا جشن منائيں، اپنے ہيرو کا شاندار استقبال کريں”، “عمران خان نے اقوام متحدہ ميں فاتح کی طرح کشمير کا مقدمہ لڑا، جو پاکستان کا مثبت اميج بنانے ميں مدد دے گا”۔

 معاون خصوصی وزیراعظم نعیم الحق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ايئر پورٹ پر استقبال کی تيارياں جاری ہیں، عمران خان کی وطن واپسی پرکارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد آئے گی۔ نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور پوری پاکستانی قوم حق پر ہے، سچ پر ہے اور کشمیری عوام کیلئے آواز اٹھاتے رہيں گے۔ انشاء اللہ کشميريوں کو آزاد دلوائيں گے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں خطاب کی بھرپور پذيرائی پر تحريکِ انصاف نے وزيراعظم عمران خان کا شايان شان استقبال کا فيصلہ کيا ہے۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کمرشل فلائٹ کے ذریعے سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچیں گے اور براستہ آج دوپہر سعودی عرب سے پاکستان پہنچیں گے۔

دریں اثنا تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھرپور استقبال کا اعلان کیا ہے جس کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے تنظیمی عہدے داروں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا، ملک کے مختلف حصوں سے قافلے استقبالیہ میں شرکت کے لیے بروقت روانہ ہوں، کارکنان کل سہ پہر ساڑھے 3 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اکٹھے ہوں گے اور نہایت منظم مگر بھرپور جوش و جذبے سے اپنے عظیم قائد کو خوش آمدید کہیں گے۔

واضح رہے کہ ہفتہ 28 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کے طیارے کو فنی خرابی کے باعث نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا گیا تھا۔ وزیراعظم نیویارک سے وطن روانہ ہوئے تھے کہ ٹورنٹو کے قریب طیارے کو معمولی نوعیت کی تکنیکی خرابی پیش آئی جس کی وجہ سے طیارہ واپس نیو یارک بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم بعد میں وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔