Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

بھارتی فوج کا نام نہاد آپریشن، مزید 6 کشمیری نوجوان شہید

شائع 28 ستمبر 2019 01:56pm

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے 2 مختلف اضلاع میں مزید 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی سرکار کے ریاستی درندوں نے آج ضلع گندربال اور ضلع رمبان میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا اور کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے عالمی دنیا کے سامنے ان کا مقدمہ پیش کیا تھا۔

وزیراعظم کی تقریر کے بعد کشمیریوں کے جذبے ساتویں آسمان پر پہنچ گئے اور پابندیوں کے باوجود اپنی آزادی کے لئے تمام رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے باہر نکل آئے۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد مودی سرکار کے ریاستی غنڈے آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے مسافر بس کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر ضلع گندربال میں داخلی و خارجی راستوں کو بند کرتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کیا۔

اس سرچ آپریشن کے دوران قابض فوج نے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

اس کے علاوہ ضلع رمبان میں بھی بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنما کو اغواء کرکے یرغمال بنائے جانے کا بہانا بنایا گیا اور اسی بہانے سرچ آپریشن کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔

 اس نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے۔