باچا خان یونیورسٹی: طلباءوطالبات کےایک ساتھ گھومنےپرپابندی کانوٹیفکیشن واپس
یوٹرن تو جیسے خیبرپختونخوا کی روایت بن گیا ہے، چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں آج جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے ایک ساتھ گھومنے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب اس نوٹیفکیشن کو چند ہی گھنٹوں میں واپس لے لیا گیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے یوٹرن پر طلباء بھی حیران ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ انتظامیہ کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی ایسا عمل کیا جاسکے۔
دوسری جانب سول سوسائٹی کے افراد نے بھی اس اقدام کو چند ذہنوں کا اختراع قرار دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ آج جاری ہونے والے اس نوٹیفکیشن میں طلباء اور طالبات کے ایک ساتھ گھومنے کو غیر اخلاقی، غیر مذہبی، غیر ضروری اور غیر روایتی قرار دیا تھا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اسسٹنٹ چیف پراکٹر سے معاملے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔
Comments are closed on this story.