Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

جمعے کا دن میری زندگی کا بہت بڑا دن ہوگا، بابر اعظم

شائع 25 ستمبر 2019 03:31pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز ٹاپ آرڈر بلے باز اور نومنتخب نائب کپتان بابر اعظم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر بے حد خوش ہیں جبکہ انہوں نے ٹویٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ آنے والا جمعے کا دن میری زندگی کا بہت بڑا دن ہوگا۔

انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'جمعے کا دن میری زندگی کا بہت بڑا دن ہوگا کیونکہ میں اس دن فیلڈ میں پاکستان کے نائب کپتان کی حیثیت سے اتروں گا، میں چاہتا ہوں کہ اس دن نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں کرکٹ مداحوں کی طرح ملک بھر سے لوگ اس میچ کو دیکھیں اور اس تاریخی دن کو یادگار بنائیں'۔

بابر اعظم کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی ٹویٹ کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ 'جمعے کو تاریخ رقم ہوگی جب کراچی 2009 کے بعد اپنی پہلی سیریز کی میزبانی کرے گا'۔

کپتان نے کرکٹ شائقین سے درخواست کی کہ وہ اس تاریخی دن کا حصہ بنیں تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو بتا سکیں کہ جب یہاں بین الاقوامی سیریز کھیلی گئی تو ہم موجود تھے۔

پاکستانی پیسر وہاب ریاض نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں میدان کا رُخ کریں تاکہ دنیا میں ہمارا مثبت امیج پہنچے۔