Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

"جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں"

شائع 23 ستمبر 2019 02:44pm

احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو آصف زرداری سے جیل میں پیر کے علاوہ کسی اور روز ملاقات کرانے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی ۔

جج نے ریمارکس دیے کہ ملاقات کے لیے جو دن مقرر ہے اسی روز ملاقات کریں۔ زیادہ مسئلہ ہے تو جائیں اوپر سے اجازت لے لیں۔ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی مصروفیات کے باعث ان کی پیر کے علاوہ کسی اور روز جیل میں آصف زرداری سے ملاقات کرنے کی اجازت کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی تو فاروق ایچ نائیک کی جانب سے ان کے معاون وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عدالت نے آصف علی زرداری سے جیل میں ملاقات کے لیے پیر کا دن مقرر کر رکھا ہے مگر اس روز فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں اس لیے انہیں کسی اور روز ملاقات کی اجازت دی جائے۔

جج احتساب عدالت محمد بشیر نے کہا اس دن آپ نے دیکھا کہ ایک وکیل صفائی کتنی بدتمیزی کررہے تھے۔ جتنی رعایت کرو سب اتنا سر پر چڑھتے ہیں۔

معاون وکیل نے کہا مجھے نہیں معلوم کس وکیل نے بدتمیزی کی۔ جج نے ریمارکس دیے جس دن ملاقات کاوقت مقرر ہے تب ہی ملاقات کریں۔ زیادہ مسئلہ ہے تو جائیں اوپر سے اجازت لے لی ۔