Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈ کا پیج کیوں ڈیلیٹ کیا؟ حقیقت سامنے آگئی

شائع 23 ستمبر 2019 06:52am

اسلام آباد: سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے ایک ہنگامہ برپا ہے کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے ڈیم فنڈ کی تفصیلات ہٹادی گئی ہیں، بعض سینئر صحافیوں کی جانب سے بھی جب یہی دعویٰ کیا گیا تو یہ سوشل میڈیا پر ایک وائرل ایشو بن گیا لیکن اب اس کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ہنگامے کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے قائم کئے جانے والے بینک اکاﺅنٹ کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ سے ہٹادی ہیں۔ بعض لوگوں نے یہ سوالات بھی اٹھائے کہ کہیں حکومت نے سپریم کورٹ سے فنڈز لے کر انہیں آگے پیچھے تو نہیں کردیا؟

سوشل میڈیا پر جاری ہنگامے کے بعد معاملے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر نہ صرف ڈیم فنڈز کی مکمل تفصیلات موجود ہیں بلکہ اس صفحے کو ڈیلیٹ بھی نہیں کیا گیا۔

دراصل جمعرات کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے سپریم کورٹ کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا تھا جس کے باعث جو لوگ پرانے لنک کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ کھل نہیں پارہے ۔ لیکن اگر نئی ویب سائٹ پر دیکھا جائے تو ڈیم فنڈز کی مکمل تفصیلات موجود ہیں۔