Aaj News

بدھ, جنوری 01, 2025  
01 Rajab 1446  

مبینہ ریٹائرڈ فوجی افسر کے بیٹے کو کار تلے کچل دیا گیا

شائع 23 ستمبر 2019 05:20am

اسلام آباد: ڈی ایچ اے میں مبینہ طور پر ریٹائرڈ فوجی افسر کے بیٹے کو اہلیہ کے سامنے دن دیہاڑے کار تلے کچل دیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملوث ملزم کی گرفتاری اور سزا کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص اپنی گاڑی میں غلط طریقے سے سڑک کے دوسری جانب جاتا ہے، جس کی وجہ سے صحیح راستے سے آتی ہوئی گاڑی حادثے سے بال بال بچتی ہے۔

اس گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک شخص اترتا ہے جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کا بیٹا ہے۔ مبینہ فوجی افسر کا بیٹا جب غلط طرف سے آنے والے شخص کی گاڑی کی طرف گیا تو چند لمحوں بعد اسے اپنی گاڑی کی طرف آتے دیکھا گیا۔ اسی اثنا میں پہلی گاڑی ریورس آئی اور اسے کچل دیا۔

 گاڑی کا ڈرائیور اس شخص کو گاڑی کے نیچے کچل کر گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔ حادثے کا شکار شخص کی اہلیہ گاڑی سے اتر کر پریشانی کے عالم میں اس کے پاس آئی اور اسےآ واز دیتی اور ہلا کر دیکھا لیکن وہ شخص بے سدھ پڑا رہا۔ خاتون نے مدد کیلئے کسی کو فون کیا، لوگ جائے وقوعہ پر اکٹھے ہو گئے اور اس شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ملزم کا تاحال پتا نہیں لگایا جاسکا ہے تاہم اس کی تلاش جاری ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر عوام مطالبہ کر رہی ہے کہ جان بوجھ کر ایک شہری کو گاڑی کے نیچے کچلنے والے مجرم کو پکڑا جائے اور اسے سزا دی جائے۔