Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہیٹ ویو کی لہر

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2019 01:05pm

کراچی: شہر قائد اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر تیسرے روز بھی جاری ہے جب کہ سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہیں۔

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث گرمی کی شدت درجہ حرارت سے کئی ڈگری زائد محسوس کی جارہی ہے۔

 ہفتہ وار تعطیل ہونے کے باوجود دن کے اوقات میں سڑکوں پر ہُو کا عالم ہے۔ دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے لوگوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور سمندری ہواؤں کی بندش کی وجہ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ ہے۔ گرمی کی شدت منگل تک برقرار رہے گی جس کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی تاہم ستمبر کا پورا مہینہ ہی گرم رہے گا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی یا ٹھنڈے مشروب زیادہ سے زیادہ پئیں، لوگ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور باہر نکلتے وقت اپنے آپ کو ڈھانپ لیں۔