Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

فاسٹ بولر حسن علی کمر کی تکلیف کے باعث ون ڈے سیریز سے باہر

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019 01:19pm

لاہور: پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر حسن علی سری لنکا کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانے والی ایک روزہ میچز کی سیریز سے کمر کی تکلیف کے باعث باہر ہوگئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا جس کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ بابر اعظم ان کے نائب ہوں گے۔

حال ہی میں بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے حسن علی سے متعلق مصباح الحق نے بتایا کہ انہیں کمر درد کے باعث سری لنکا کیخلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی 16 رکنی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد اور نائب کپتان بابر اعظم کے علاوہ عابد علی،آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، عثمان خان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہونگے۔

اس کے علاوہ سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

ساتھ ہی پاکستان کے احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی، 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ دورے میں سری لنکن ٹیم 3 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی کھیلے گی جس کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔