Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیلفی کی نئی نسل "سلوفی" کیلئے حقوق حاصل کرنے کی درخواست

شائع 21 ستمبر 2019 05:16am
سائنس

کیلیفورنیا: ایپل کارپوریشن نے سیلفی کی نئی نسل "سلوفی" کے قانونی حقوق حاصل کرنے کیلئے امریکی پیٹنٹ آفس میں درخواست جمع کروائی ہے۔

یپل نے درخواست میں اپنی نئی پیشکش کے بارے میں کہا ہے کہ "سلوفی" ایپل کارپوریشن کا ایجاد کردہ نام ہے، جس کے استعمال کا قانونی حق بھی صرف اسی کو تفویض کیا جائے، تاکہ مستقبل میں ایپ ڈیویلپرز اور فون بنانے والے ادارے اسے اپنی مصنوعات کے ناموں میں استعمال نہ کرسکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے "ایپل آئی فون 11" اور "آئی فون 11 پرو" کے ساتھ ساتھ سلوموشن سیلفی (سلوفی) کا چرچا بھی خوب رہا، جو ان نئے اسمارٹ فونز میں تازہ ترین کیمرا فیچر کے طور پر پیش کی گئی ہے۔

سلوفی کو ممکن بنانے کیلئے جدید ترین آئی فونز میں اگلے کیمرے کو اس قابل بنایا گیا ہے کہ وہ 120 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے تصویریں کھینچ سکتا ہے اور صرف چند سیکنڈ میں کھینچی گئی سینکڑوں تصاویر میں سے چند درجن کو خودکار انداز سے ترتیب دے کر ایک سلوموشن سیلفی ویڈیو میں تبدیل کرسکتا ہے۔

یہی وہ چیز ہے جسے ایپل کارپوریشن نے سلوفی کا نام دیا ہے۔

فی الحال ایپل کارپوریشن کی درخواست امریکی پیٹنٹ آفس میں دائر ہے جس پر فیصلہ ہونا باقی ہے۔ اس درخواست پر ایک اعتراض یہ بھی بنتا ہے کہ اگرچہ سلوموشن سیلفی یا ’’سلوفی‘‘ کی ایجاد کا سہرا ایپل کارپوریشن کے سر ہے لیکن یہ کسی پروڈکٹ کا نہیں بلکہ سیلفی کے ایک نئے انداز کا نام ہے جو اسمارٹ فون کیمروں میں جدت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

لہذا اسے صرف ایپل کارپوریشن کی مصنوعات سے مخصوص کرنا، ٹیکنالوجی انڈسٹری میں صحت مند مقابلے کی حوصلہ شکنی کرنے اور ایک کمپنی کو اجارہ داری کا راستہ فراہم کرنے کے مترادف ہے۔