Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

جسٹس قاضی عیسیٰ کی درخواست پر ایک بار پھر بینچ تشکیل

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019 05:32am

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کو چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت کے لیے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے فل بینچ تشکیل دے دیا۔ یہ بینچ چوبیس ستمبر سے کیس کی سماعت کرے گا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دس ججز پر مشتمل بینچ چوبیس ستمبر سے درخواست کی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار، جسٹس مشیر عالم، جسٹس سردار طارق، اور جسٹس اعجازالحسن سپریم کورٹ کے فل بینچ کا حصہ نہیں ہیں۔

پہلے سات ججز پر مشتمل بینچ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک کے اعتراض کے بعد ٹوٹ گیا تھا، منیر اے ملک نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اس کیس کو سننے کے لیے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران شامل نہ ہوں۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے 19 اگست کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ایک ریفرنس خارج کر دیا تھا جو ان کے خلاف صدر مملکت کو خطوط لکھنے سے متعلق تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف انکم ٹیکس گوشواروں میں بیرون ممالک جائیداد کو ظاہر نہ کرنے سے متعلق صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا تھا اور اُنھوں نے اس ریفرنس کی کاپی حاصل کرنے کے لیے صدر مملکت کو خطوط لکھے تھے۔