Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
06 Rajab 1446  

پاکستان کے معاشی پلان کا آغاز تسلی بخش ہے، آئی ایم ایف

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2019 06:54pm
کاروبار

آئی ایم ایف کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا، حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی متوقع ہے۔ اعلامیے میں ایف بی آر اصلاحات کو سراہا گیا جبکہ ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

آئی ایم ایف حکام کا دورہ مکمل ہونے پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کا معاشی اصلاحاتی پروگرام ابتدائی مراحل میں ہے۔ کچھ شعبوں میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ روپے کی قدر میں بھی اتار چڑھاؤ بھی کم ہو گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مانیٹری پالیسی سے افراط زر کو قابو کرنے میں مدد مل رہی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی بہتری نظر آ رہی ہے۔

اعلامیہ میں حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی پلان کا آغاز تسلی بخش ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان میں آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہونے کی بھی نوید سنائی ہے۔

حکام نے ٹیکس وصولیوں میں نمایاں بہتری اور ایف بی آر اصلاحات کو بھی سراہا ہے۔

روانگی سے پہلے آئی ایم ایف مشن چیف ارنسٹو رامریز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر سے ملاقات کی جس میں ملک کی اقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے اصلاحاتی عمل اور معاشی استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔