Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

پی آئی اے کی 46 پروازوں کی بنا کسی مسافر اُڑان کا انکشاف

شائع 20 ستمبر 2019 04:46pm
کاروبار

مال مفت دل بے رحم۔۔۔۔ مسافروں کے بغیر پی آئی اے کے جہازوں کی اڑان۔۔۔ ایک سال کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ سے 46 پروازوں نے بغیر کسی مسافر کے اڑان بھری۔ حج وعمرہ کی 36  پروازیں بھی خالی گئیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو 18 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

کوئی مسافر نہیں لیکن جہاز اڑتے رہے۔ یہ ہے باکمال لوگ اور لاجواب سروس کا انوکھا کارنامہ، قومی ایئرلائن کی دریا دلی کا ثبوت آڈٹ رپورٹ میں سامنے آگیا۔

دستاویزات کے مطابق دوہزار سولہ اور سترہ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیرکسی مسافرکے روانہ ہوئیں، ان کمرشل فلائٹس کے علاوہ حج اورعمرہ کی 36 پروازوں نے بھی بغیرکسی مسافر کے اڑان بھری۔

خالی پروازوں کی وجہ سے قومی خزانے کو 18 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا، آڈٹ رپورٹ میں لاپرواہی کا ذمہ دارپی آئی اے انتظامیہ کوٹھہرایا گیا ہے۔