Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

وزیراعظم کا حرمین شریفین کی سلامتی کو خطرہ ہونے پر سعودیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم

شائع 20 ستمبر 2019 02:50pm

 وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے ملاقات  کی، ملاقات میں  پاکستان اور سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے ملاقات کی۔

سعودی قیادت نے وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات حقیقی بھائی چارے پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری کو مزید تیز کرنے کا عزم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 ملاقات میں سعودی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر کاز کے ساتھ یکجہتی اور حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور وہاں نافذ کرفیو کو فوری اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام سے خطے کے امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔