Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا قبرستان بنے گا، صدر آزاد کشمیر

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2019 02:57pm

اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ  سری نگر سے اٹھنے والے شعلے پورے ہندوستان کو برباد کر دیں گے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا قبرستان بنے گا۔

مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجتہی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے اُن کا آئین اور جھنڈا چھین لیا،کشمیر میں لوگوں کو محصور کر دیا گیا، ہزاروں گرفتار ہیں کشمیریوں سے کہا جا رہا ہے یہ وطن اب تمہارا نہیں ہے، اس آگ میں بھارت خود جل کر راکھ ہوجائے گا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان کا کشمیر سے متعلق بیانیہ مسترد کردیا گیا ہے۔ہندوستان پر تجارتی پابندیاں لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  کشمیر کاز کے لیے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، فخر ہے قوم کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی تنظیم اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں، مقبوضہ کشمیر دنیا کی بڑی جیل بن چکا ہے، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کوئی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کشمیر کے بچوں کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں، وہ کشمیریوں کے وکیل، سفیر اور ترجمان بن کر ہر بین الاقوامی طاقت کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔