Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

ورلڈ سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے محمد آصف فائنل میں

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2019 04:14pm

پاکستان کے محمد آصف نے میانمار کے کیوئسٹ کو شکست دے کر ورلڈ سکس ریڈ اسنوکرچیمپیئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ٹائٹل کیلئے کل بھارت کے لکشمن راوت سے ٹاکرا ہوگا۔

میانمار میں جاری ایونٹ میں محمد آصف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سیمی فائنل میں محمد آصف کا میانمار کے تھیٹ من لن سے مقابلہ ہوا جو نو فریمز پر مشتمل تھا.

آصف نے پہلے دو صفر سے برتری حاصل کی، پھر مخالف کیوئسٹ نے کم بیک کیا، نا صرف مقابلہ تین تین کیا بلکہ چار تین سے برتری بھی حاصل کرلی۔

خسارے میں جانے کے بعد آصف چھا گئے، چار چار فریم سے مقابلہ برابر کیا پھر آخری فریم میں میدان مار کر حتمی معرکے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹائٹل مقابلہ ہفتے کے روز ہوگا جس میں آصف کا مقابلہ روایتی حریف لکشمن راوت سے ہوگا، جنہوں نے فائنل میں ہم وطن پنکج ایڈوانی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل مقابلہ 4-5 سے اپنے نام کیا، ایونٹ کا فائنل مقابلہ کل کھیلا جائے گا۔