Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

کوئٹہ میں 11 سال بعد کرکٹ کی واپسی

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2019 12:03pm

قائداعظم ٹرافی کا دوسرا راؤنڈ کل سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگا۔ کوئٹہ میں 11 سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔

میزبان بلوچستان اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں چار روزہ میچ میں بگٹی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سری لنکا کے دورے کے لگائے کیمپ میں ہونے کے باعث کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت عمران فرحت کریں گے۔

Image

سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گی۔ بابراعظم کی عدم موجودگی میں سنٹرل پنجاب کی قیادت کے فرائض سینئر بلے باز اظہرعلی انجام دیں گے۔ ناردرن کے کپتان عماد وسیم دستیاب نہیں، ان کی جگہ عمر امین ٹیم کو لیڈ کریں گے۔

Image

خیبرپختونخوا اور سندھ کے درمیان یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جوڑ پڑے گا۔ سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سندھ کی قیادت اسد شفیق جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ صاحبزادہ فرحان خیبرپختوانخوا کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

Image

پہلے راؤنڈ میں کھیلے گئے تینوں میچز بے نتیجہ رہے تھے۔ ان تمام مقابلوں میں بلے بازوں کا راج رہا تھا۔

سمیع اسلم اور عابد علی کی ڈبل سنچریاں ملا کرکل 11 سنچریاں اسکور ہوئیں۔

Image

خیبرپختونخوا کی ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، سدرن پنجاب اور سینٹرل کے گیارہ گیارہ پوائنٹس ہیں۔

بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سدرن کی دوسری اور سینٹرل کی تیسری پوزیشن ہے۔ 9 پوائنٹس کے ساتھ سندھ کا چوتھا، 8 پوائنٹس کے ساتھ ناردرن کا پانچواں نمبر ہے جبکہ 7 پوائنٹس کے ساتھ بلوچستان کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔