Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

'میشا نے سستی شہرت، پیسے اور پیشہ وارانہ حسد کی وجہ سے الزام لگایا'

شائع 19 ستمبر 2019 04:05pm

لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے اداکار علی ظفر کو گلوکارہ میشاء شفیع کیخلاف ہتک عزت دعوی میں جرح کیلئے کل دوبارہ طلب کرلیا۔ علی ظفر نے میشاء شفیع کی جانب سے ہتک عزت دعویٰ کی نقول وصول کرلیں۔

 گلوکارہ میشاء شفیع کیخلاف سو کروڑ ہرجانا دعویٰ کیس میں اداکار علی ظفر ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کارروائی میں مداخلت پر علی ظفر کی وکیل عنبرین قریشی پراظہار برہمی کیا۔

میشاء شفیع کے وکیل نے علی ظفر سے جرح کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بیان سے واضح نہیں کہ آپ نے میشا کو ہراساں نہیں کیا، میشاء نے کسی اور کے خلاف جنسی ہراسگی کا الزام کیوں عائد نہیں کیا۔

علی ظفر نے کہا کہ اس کا مجھے علم نہیں، انہوں نے جرح میں سوالوں کے جواب میں کہا میشاء نے کہا تھا کہ علی کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، مجھ پر خواتین کے منظم گروہ نے الزام عائد کئے۔ سستی شہرت، پیسے اور پیشہ وارانہ حسد کیلئے ایسا کیا جاتا ہے۔

عدالتی وقت ختم ہونے پر علی ظفر کو کل دوبارہ جرح کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔

دوسری جانب عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سےعلی ظفر پر دو سو کروڑ روپے ہرجانے کے دعوی کی سماعت بھی کی۔ عدالتی حکم پرعلی ظفر کو ہرجانے کے دعوی کی نقول فراہم کردی گئیں۔