Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

'پی ٹی آئی نے بدنام زمانہ گوئبلز کی یاد تازہ کردی'

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2019 05:36pm

چیئرمن پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا ٹربیونلز کو مسترد کردیا، کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت مخالفوں کو نشانہ بنانے کی مہم پر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی مخالفوں کی طرح تنقید کرنے والوں کوبھی جھوٹے مقدموں میں جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی نے ہٹلر کے دوست راست بدنام زمانہ گوئبلز کی یاد تازہ کر دی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے سیاسی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو خاموش کرنے کا آسان راستہ ڈھونڈ نکالا ہے، نام نہاد میڈیا ٹربیونلز بھی مخالفوں اور تنقید کرنے والوں کو نشانہ بنانے کیلئے قائم کئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ اس سے پہلے نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو خاموش کروانے کی کوششیں کی گئیں، ان میڈیا ٹربیونلز کا مقصد بھی صرف مخالف اور تنقید کرنے والوں کی آواز دبانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا بھی مودی کے چیلوں کی طرح کام کر رہی ہے، تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کا کام شہریوں کو آن لائن حراساں کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کرنے کا فیصلہ

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کسی قیمت پر میڈیا ٹریبیونلز کا بل  پاس نہیں ہونے دے گی، پاکستانی میڈیا سینسرشپ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی آزادی صحافت کی علمبردار ہے، موجودہ حکومت کو کسی قیمت پر بھی آزاد ی صحافت کو نشانہ نہین بنانے دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے ذرائع ابلاغ کے کردار کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے خصوصی میڈیا ٹریبونلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ میڈیا ٹریبونلز ذرائع ابلاغ اور دیگر متعلقہ فریقوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے پیمرا کی شکایت کونسل کی جگہ لیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ ٹریبونلز 90 دن میں ایک معاملے کا فیصلہ کریں گے اور اس سلسلے میں ایک بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ ان ٹریبونلز کی سرپرستی کرے گی، پیمرا کے پاس زیرالتواء تمام مقدمات میڈیا ٹریبونلز کو بھیجے جائیں گے۔

معاون خصوصی نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت ذرائع ابلاغ کو سہولت دینے اور انہیں بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔