Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

میشا شفیع کا جوابی وار: علی ظفر پر 200 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ

شائع 18 ستمبر 2019 01:22pm

گلوکارہ میشا شفیع اور علی ظفر کے درمیان عدالتی جنگ نیا رخ اختیار کرگئی، کردار کشی کرنے پر میشا شفیع نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے علی ظفر پر دو سو کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی دائر کردیا۔

 گلوکارہ میشا شفیع نے لاہور کی سیشن عدالت میں اداکار علی ظفر کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ دعوے میں کہا گیا ہے کہ علی ظفر نے میڈیا پر ان کیخلاف مختلف جھوٹے الزامات عائد کئے، کینیڈین نیشنیلٹی حاصل کرنے کا بے بنیاد الزام عائد کیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ علی ظفر نے میڈیا پر بیان دیا کہ وہ ایک شریف شہری اور میشا شفیع جھوٹی خاتون ہے، علی ظفر نے الزام لگایا کہ میشا شفیع قانون اور عدلیہ کا احترام نہیں کرتی۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ علی ظفر نے یہ بھی الزام لگایا کہ میشا شفیع نے پیسوں کے لالچ میں جنسی ہراسگی کا جھوٹا الزام عائد کیا ہے۔ علی ظفر کے جھوٹے الزامات سے شہرت کو نقصان پہنچا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ علی ظفر کو دو سو کروڑ روپے ہرجانے ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔