Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی تیل کی رسد مطلوبہ مقدار میں جاری رہنے کی امید

شائع 17 ستمبر 2019 03:06pm

سعودی عرب میں اسکی تیل کی تنصیبات پر حملوں کے باوجود تیل کی رسد ایشیائی ممالک کو مطلوبہ مقدار میں جاری رہنے کی امید ہے۔

سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملوں کے بعد مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔تاہم اب سعودی آئل کمپنی آرامکو نے بیان جاری کیا ہے کہ حملے کے باوجود اس کی ایشیا میں تیل کی سپلائی جاری رہیگی۔

ایشیائی ممالک سعودی عرب کی ستر فیصد تیل کی پیداوار کے صارف ہیں ۔  تاہم ایک ریفائنری کو تیل کے معیار میں معمولی تبدیلی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تین سرکاری بھارتی آئل ریفائنریوں جن میں انڈین آئل کارپوریشن ، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ، مینگلور ریفائنریوں کو متفقہ حجم کے مطابق ہی آئل کی رسد مہیا کی جائیگی۔

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ تاہم آرامکو نے انڈین آئل کارپوریشن کو آگاہ کیا ہے اسکو مہیا کردہ آئل کی رسد کا بعض حصہ معیار کے لحاظ سے تھوڑا مختلف ہوگا۔

چین اور تائیوان کو بھی آرامکو کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کو مطلوبہ مقدار میں ہی تیل کی سپلائی جاری رہیگی۔

واضح رہے کہ  امریکا نے  سعودی آئل تنصیبات پر حملے میں ایران کو ملوث قرار دیا ہے   جبکہ حوثی باغیوں نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے اور اس نوعیت کے مزید حملے کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

Source: Reuters