Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

نوبل انعام یافتہ شخصیات کا مودی کو ایوارڈ نہ دینے کا مطالبہ

شائع 14 ستمبر 2019 04:24pm

نوبل انعام یافتہ تین شخصیات نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے یہ مطالبہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارت میں اقلیتوں پر حملوں اور گجرات میں خوفناک قتل عام کے تناظر میں کیا ہے۔

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے نام اپنے مشترکہ خط میں میئرڈ میگوائر، توكل عبد السلام خالد كرمان‎ اور شیرین عبادی نے سخت تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارت میں خطرناک اور بدترین انتشار پھیل گیا ہے جس سے انسانی حقوق اور جمہوریت بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

اس خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آسام کے صوبے اور مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

اس تمام تر صورتحال کو واضح کرنے کے بعد تینوں شخصیات نے فاؤنڈیشن سے درخواست کی کہ وہ بھارتی وزیراعظم سے اپنا اعزاز واپس لے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے ایک واضح اور مضبوط پیغام ملے گا کہ اس فاؤنڈیشن نے سب کیلئے مساوات، انصاف انسانی حقوق کے مقاصد سنجیدگی سے لیا ہے اور وہ ان اقدار کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔