طالبان سے بھرپور طاقت سے نمٹنے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان سے بھرپور قوت سے نمٹنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے گیارہ ستمبر کے حوالے سے منعقدہ اٹھارہویں یادگاری تقریب سے خطاب کیا۔
مینہٹن میں گراونڈ زیرو پر تقریب میں شرکت کےبعد امریکی صدر ٹرمپ نے پینٹاگون میں خطاب کیا ۔ خطاب میں انہوں نے طالبان کیخلاف بھرپور طاقت استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دنوں میں امریکی افواج نے دشمنوں کو پہلے کے موازنے میں شدید نقصان پہنچایا ہے اور اب یہ جاری رہیگا۔ تاہم اس موقعے پر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ طالبان کو کس نوعیت کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کیخلاف بھرپور طاقت کا استعمال امن معاہدے کے برخلاف طالبان کے حملے میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کےبعد کیا گیا۔
خطاب میں انہوں نے عسکریت پسندوں کو خبردار کیا کہ وہ دوبارہ امریکا میں حملے سے باز رہیں ۔ انہوں نےکہا کہ اگر دہشت گرد دوبارہ امریکا کا رخ کریں گے تو ہم ان کا کہیں بھی پیچھا کریں گے اور پھر ان کیخلاف وہ طاقت استعمال کی جائیگی جو کہ امریکا نے پہلے کبھی استعمال نہیں کی ہوگی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق بات نہیں کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹرمپ نے ٹوئیٹ میں طالبان رہنماوں سے کیمپ ڈیوڈ میں ملاقات کی منسوخی کا اعلان کیا تھا، اور گیارہ ستمبر کے قریب آنے پر طالبان رہنماوں سے امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات کے قدم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.