Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

چینی وزیر خارجہ سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

شائع 07 ستمبر 2019 10:40am

Untitled-2-Recovered

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔

 اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور دونوں رہنماوٴں کے درمیان تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔

چین، افغانستان، پاکستان سہ ملکی وزراء خارجہ مذاکرات کا تیسرا دور آج وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوگا، سٹیٹ قونصلر اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے اپنے ممالک کے وفود کی قیادت کریں گے۔

 مذاکرات کے ایجنڈے میں سیاسی تعلقات، افغان امن عمل، سیکیورٹی تعاون وانسداد دہشت گردی، ترقیاتی تعاون اور باہمی روابط کا فروغ شامل ہے۔

 دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین، افغانستان، پاکستان وزرا خارجہ مذاکرات کا مقصد باہمی مفاد کے امور بالخصوص معاشی ترقی اور امن وسلامتی پر تینوں ممالک میں تعاون کو فروغ دینا ہے جب کہ سیاسی اعتماد سازی، ترقی وتعاون اور روابط کے فروغ کے حوالے سے یہ سہ ملکی مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ان مذاکرات کے نتیجے میں تینوں ممالک کے مابین، یکساں مفاد کے امورپر زیادہ بہتر ہم آہنگی سامنے آئے گی۔

 واضح رہے ان مذاکرات کے پہلے دو اجلاس 2017 میں بیجنگ اور دوسرا، دسمبر 2018 میں کابل میں ہوا تھا۔