Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

شیخوپورہ: خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والا وکیل گرفتار

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2019 12:26pm

شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا میں خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کو اُسی لیڈی کانسٹیبل نے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کر دیا۔ بار ایسوسی ایشن نے پیٹی بھائی کے خلاف کارروائی پر ہڑتال کا اعلان کردیا۔

 گزشتہ روز فیروز والا کچہری میں خاتون پولیس اہلکار نے احمد مختار نامی وکیل کو لیڈیز چیکنگ پوائنٹ پر گاڑی پارک کرنے سے منع کیا تھا جس پر وکیل احمد مختار نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل سے بدتمیزی کی اور تھپڑ مارا۔

ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وکیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے اور اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کو اسی لیڈی کانسٹیبل فائزہ نواز نے ہتھکڑیاں لگا کر آج عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔

  دوسری جانب بار ایسوسی فیروزوالا بھی اپنے پیٹی بھائی کو بچانے میدان میں اُتر آئی اور ملزم احمد مختار ایڈووکیٹ کو خاتون اہلکار کے ذریعے عدالت میں پیش کئے جانے پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ہفتہ 7 ستمبر کو ہڑتال اور پولیس اہلکاروں کے کچہری میں داخل ہونے سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔