Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

صوبہ پنجاب میں صنعتوں کی بحالی کیلئے اقدام

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2019 02:47pm

 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبہ پنجاب میں  صنعتوں کے لئے انسپکٹر  لیس رجیم  پر اصولی اتفاق کر لیا گیا۔  وزیراعظم کہتے ہیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ کیے بغیر صنعتی ترقی کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت  اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں کاروباری طبقے خصوصا چھوٹے اور درمیانے طبقے کے صنعتکاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو پنجاب میں واقع صنعتوں اور انکو درپیش مسائل خصوصا ً مختلف محکموں کی جانب سے انسپیکشن کی مد میں پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صنعتوں میں کام کرنے والے ورکرز اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موجودہ طریقہ کار اورمزدوروں اور انکے خاندان کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتوں میں مزید بہتری کے لئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے  جہاں صنعتی یونٹس کا اندراج کرنا ضروری ہے  وہاں اندراج شدہ یونٹس کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ صنعتی عمل کسی تعطل کا شکار نہ ہو۔