Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

پرائس کنٹرول پر وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس

شائع 28 اگست 2019 04:28pm

fffimagee

وزیراعظم کی زیر صدارت شیڈول پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات پراعلی سطح کا اجلاس ہوا ۔ عمران خان کہتے ہیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، ایسا مربوط نظام وضع کیا جائے جس کی بدولت غریب عوام پرکسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے۔ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اورمنافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت بھی کی۔  

 وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت شیڈول پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات پر وزیراعظم آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان،  معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کے دوران اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں کے تعین اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے حوالے سے قانونی فریم ورک پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن پر اجلاس کو بریف کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قیمتوں پر کنٹرول اور عوام الناس کی سہولت کی غرض سے  صوبہ پنجاب میں سستے بازاربھی باقاعدگی سے لگائے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت  میں ہفتے میں تین روز کے لئے سستے بازار لگائے جاتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور ایسا مربوط نظام وضع کیا جائے جس کی بدولت غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ آئے۔ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی،اوراس ضمن میں ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے حوالے سے ایک مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زورد یا تاکہ کاشت کاروں کا استحصال نہ ہوسکے اور اُن کو محنت کا جائزہ منافع مل سکے۔ وزیرِ ا عظم نے کہا کہ غریب آدمی  کو روٹی کی دستیابی یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذ مہ داری ہے اور اس ضمن میں ریاست کی جانب سے کوئی کسر روا نہیں رکھی جائے گی۔