وزیراعظم عمران خان سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کیانگ کی ملاقات ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا ، وزیراعظم کہتے ہیں مقبوضہ جموں و کشمیر سے فی الفور کرفیو اٹھا کر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو وہاں داخلے کی اجازت دی جائے ۔
وزیراعظم عمران خان سے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کیانگ نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیراعظم موجودہ صورت حال میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین سدا بہار دوستی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ خطے میں امن کی ضامن ہے ۔ بھارت نے 3 ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے اور لاکھوں کشمیریوں کے حقوق پامال کئے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اپنے غاصبانہ اقدامات سے دنیا کی نظر ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر سکتا ہے ۔
جنرل ژو کیانگ کا کہنا تھا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ جنوبی ایشیاء میں امن اور معاشی استحکام کے لئے متنازعہ امور کا حل ضروری ہے ۔ جنرل ژو کیانگ نے صدرِ مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی ۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ چین سے پاکستان کی دوستی ہر زمانے کی آزمائش پر پوری اتری ہے ۔
Comments are closed on this story.